اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو افغانستان کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں ممبران نے تورخم سرحد پر پاکستانی فوجیوں کے مبینہ حملے پر شدید احتجاج کیا- افغان ممبران پارلیمنٹ نے پاکستانی فوجیوں کے حملے کے مقابلے میں افغان فوجیوں کی جوابی کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے پاکستانی فوجیوں کے حملے کی مذمت کی-
افغان پارلیمنٹ کے ارکان نے زور دے کر کہا کہ تورخم سرحد پر دونوں ملکوں کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی اور تنازعے کو مذاکرات اور سفارتی طریقوں سے حل کیا جائے-
افغان پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر نعمت اللہ غفاری نے جو بدھ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ صوبہ ننگرہارمیں تورخم بارڈر پر پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی پر توجہ دے-
گذشتہ اتوار کو پاکستان اور افغانستان کے فوجیوں کے درمیان جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب پاکستانی فوجیوں نے تورخم سرحد پر رکاوٹیں کھڑی کرنے اور گیٹ لگانے کی کوشش کی۔
.......
/169